اہم خبریں

دسمبر میں اہم پیش رفت سامنے آئے گی، شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) پی ٹی آئی راہنما شیخ وقاص اکرم نے حالیہ سیاسی بیانات، ملاقاتوں کے معاملات اور احتجاج کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا مؤقف واضح ہے کہ غیر ذمہ دارانہ یا بداخلاق لہجہ کسی بھی سیاستدان کے شایانِ شان نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی گفتگو پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر بھی نامناسب ہی رہتی ہے، اور پی ٹی آئی ہمیشہ سے اس طرزِ سیاست کی مذمت کرتی آئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جس شخصیت کے بیانات کی مثال دی جا رہی ہے وہ اب کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں، تاہم اس طرح کے الفاظ سیاسی ماحول کو آلودہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوتے کے تذکرے اور اس نوعیت کے طرزِ گفتگو کی ماضی میں بھی مثالیں موجود ہیں، اور یہ وہ رویے ہیں جنہیں دوبارہ عوامی نمائندہ بنانے والی جماعتوں کو بھی غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے فیصل واوڈا کو متنازع اور غیر سنجیدہ سیاسی کردار قرار دیا۔وہ اے بی این نیوز کے پروگرام سوال سے آگے میں گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ

خیبرپختونخوا میں اس وقت کوئی ایسا شخص موجود نہیں جو 9 مئی کے کیس میں مفرور ہو اور گورنر راج کی دھمکیاں سیاسی کمزوری کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عدالتوں میں پی ٹی آئی کی درخواستیں موجود ہیں مگر حکومت ان پر عمل درآمد میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں زیرِ سماعت کیسوں کے باوجود حکومتی تعاون نہ ہونے سے معاملات مزید الجھ رہے ہیں۔

انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں کارکن اور تنظیمی عہدیداران پولیس کی رکاوٹوں کے باوجود پرامن رہے۔ دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود کارکن پُرسکون احتجاج کرتے رہے اور کسی قسم کا تصادم پیش نہیں آیا۔ ان کے مطابق قیدی کو اہل خانہ اور وکیل سے ملاقات سے روکنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے، اور یہی معاملہ عالمی سطح پر بھی زیرِ بحث ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اڈیالہ جیل جائیں گے اور ملاقات کے لیے ان کا نام فہرست میں سرفہرست ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ این ایف سی ایوارڈ کی میٹنگ میں بھی شرکت کریں گے۔ شیخ وقاص کے مطابق وزیراعلیٰ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ نومبر اور دسمبر میں اہم پیش رفت سامنے آئے گی، اور آنے والے دنوں میں تمام صورتحال واضح ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تمام معاملات کا خود جائزہ لیں گے اور ملاقات میں ارکان اپنا مؤقف براہ راست ان کے سامنے رکھیں گے۔

مزید پڑھیں :’’ پنڈی بوائے‘‘شیخ رشید ان ایکشن،مسائل کے شکار شہریوں کو لال حویلی سے رابطہ کرنے کی کال دیدی

متعلقہ خبریں