لندن(اے بی این نیوز)سابق انگلش کرکٹر روبن اسمتھ 62 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق روبن اسمتھ کی موت پیر کے روز آسٹریلوی شہر پرتھ میں اپنے گھر پر ہوئی تاہم ان کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، سابق انگلش کرکٹر کی موت کے تعین کیلئے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
ان کے اہلخانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسمتھ ایک دلیر اور شان دار بلے باز تھے، انہوں نے ہیمپشائر اور انگلینڈ دونوں کے لیے ناقابل فراموش کارکردگیاں دکھائیں اور بے شمار کرکٹ شائقین کو اپنا گرویدہ بنایا۔
خاندان کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ اگرچہ ریٹائرمنٹ کے بعد رابن اسمتھ کی ذہنی صحت اور الکوحل کے مسائل خبروں میں رہے تاہم ان باتوں کو ان کی موت کی وجوہات سے منسلک نہ کیا جائے۔
روبن اسمتھ نے 1988 سے 1996 تک 62 ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی اور 4 ہزار 236 رنز سکور کیے، انجہانی روبن اسمتھ نے71 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 39.01 کی اوسط سے 2 ہزار 419 رنز بنائے۔
انہوں نے 22 سالہ کرکٹ کیریئر میں 26 ہزار 155فرسٹ کلاس رنز اسکور کیے، وہ 1992 کے ورلڈکپ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے والی انگلش کرکٹ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
دوسری جانب انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی سابق کرکٹر رابن سمتھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں۔سعودی شہزادہ عبداللہ بن فہد بن عبداللہ انتقال کرگئے















