اہم خبریں

شمالی وزیرستان ،7 خوارج جہنم رسید

شمالی وزیرستان (اے بی این نیوز   ) خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی معاونت یافتہ فرقہ ورانہ گروہ الخوارج کے سات دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے میر علی کے عمومی علاقے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ خوارج ہلاک ہوگئے۔

مزید ایک خوارج کو اسپن وام کے علاقے میں ایک اور خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کیا۔ کارروائیوں کے دوران ہلاک شدہ خوارج کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں باقی خوارج کو ختم کرنے کے لیے صفائی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ “عزم استحکام” کے تحت غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی مدد یافتہ دہشت گردانہ عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فرقہ ورانہ گروہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو الگ کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں میں سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ “عزم استحکام” کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیں :عمران خان نے سہیل آفریدی کیلئے پیغام بھیج دیا، میر جعفر اور میر صادقوں کیلئے دو ٹوک پیغام دیدیا،جا نئے کیا

متعلقہ خبریں