اہم خبریں

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط، ترک سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا اظہار

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہونے لگا ہے، جبکہ ترک سرمایہ کاروں نے پاکستان میں پاور سیکٹر کی نجکاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے آج اسلام آباد میں ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپارسلاں بائرقدار سے ملاقات کے دوران بتایا کہ پاکستان اپنی پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (DISCOs) کی نجکاری کے لیے تجربہ کار اور معتبر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی شمولیت کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی جانب سے نجکاری کے عمل میں حصہ لینا نہایت اہم تصور کیا جارہا ہے کیونکہ ترکیہ کو نجی شعبے میں چلنے والے پاور سسٹم کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔

وفاقی وزیر نے ترکیہ کی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے پاکستانی ماہرین کو اپنے پاور سیکٹر کا مطالعہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان جلد ہی تین ڈسکوز نجکاری کے لیے پیش کرے گا اور سرمایہ کاروں کے لیے اظہارِ دلچسپی (EOI) کا مسودہ تیار ہے۔

ملاقات میں سردار اویس لغاری نے ترکیہ کے کنسیشنل ماڈل کو کامیاب مثال قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے اداروں اور حکام کے درمیان مزید قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے پاور سیکٹر کے اداروں کے لیے ترک تعاون کے تحت افرادی قوت کی تربیت کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

وفاقی وزیر نے اپنے ترک ہم منصب کو پاور سیکٹر کی اصلاحات، نجی سرمایہ کاری کے مواقع اور مختلف اداروں میں موجود پوٹینشل پر بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاور ڈویژن ایک مشترکہ توانائی منصوبہ بندی تیار کر رہا ہے اور اس میں ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

ترکیہ کے وزیر توانائی نے پاکستان کی میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترک سرمایہ کار نجکاری کے عمل کو قریب سے دیکھ رہے ہیں اور پاکستان کے پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے ترکیہ میں روڈ شوز کے انعقاد پر اتفاق کرتے ہوئے ترکیہ انویسٹمنٹ فورم کے استعمال کی بھی پیشکش کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی توانائی مارکیٹ ترکیہ کے لیے انتہائی اہم ہے، کیونکہ ترکیہ پہلے ہی پاکستان کے مختلف شعبوں، خصوصاً کان کنی میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر چکا ہے، جو براہِ راست پاور سیکٹر سے منسلک ہے۔

مزید پڑھیں :جج کے بیٹے نے 2 لڑکیوں کو کچل ڈالا، موقع پر جاں بحق ،ملزم گرفتار،مقدمہ درج

متعلقہ خبریں