اہم خبریں

جج کے بیٹے نے 2 لڑکیوں کو کچل ڈالا، موقع پر جاں بحق ،ملزم گرفتار،مقدمہ درج

اسلام آباد (اے بی این نیوز)وفاقی دارالحکومت میں ایک اور افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں جج کے بیٹے کی تیز رفتار گاڑی نے اسکوٹی سوار دو لڑکیوں کو کچل دیا۔ حادثے میں ثمرین اور تابندہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سیکرٹریٹ کے حدود میں اسکوٹی پر جا رہی دونوں لڑکیوں کو ایک تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماری۔ حادثے کے فوراً بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم ابوزر کو گرفتار کرلیا، جو ایک جج کا بیٹا بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں لڑکیاں الیکٹرک موٹر سائیکل پر سفر کر رہی تھیں جب یہ المناک حادثہ پیش آیا۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے لائی جاسکیں۔

واقعے کا مقدمہ ثمرین کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کرلیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں ثمرین کے بھائی نے بیان دیا کہ اس کی بہن اپنی دوست کے ساتھ گھر واپس آرہی تھی۔ بہن کے نمبر سے کال موصول ہوئی تو معلوم ہوا کہ وہ حادثے کا شکار ہو گئیں۔

پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ڈرائیور کے والد کا تعلق عدلیہ سے ہے، جبکہ ڈرائیور شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس پیش کرنے میں ناکام رہا۔حادثے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ یہ افسوسناک واقعہ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور سڑکوں پر بڑھتے حادثات پر نئے سوال کھڑے کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں :عدالت کا موٹر وے ایم ون پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں سے جرمانہ وصولی روکنے کا حکم

متعلقہ خبریں