راولپنڈی ( اے بی این نیوز )راولپنڈی میں عمران خان سے منگل کے روز ہونے والی ممکنہ ملاقات کے پیش نظر انتظامیہ نے سخت حفاظتی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ جیل کے قریب واقع بازار کل مکمل طور پر بند رہیں گے۔
گورکھپور اور قریبی علاقوں میں تمام نجی تعلیمی ادارے بھی ایک روز کے لیے بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ فیصلہ امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گورکھپور بازار کے تاجروں کو باضابطہ طور پر بندش سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گورکھپور، دائیگل ناکہ، چکری انٹرچینج اور اڈیالہ روڈ کے مختلف مقامات پر آٹھ سے زائد ناکے قائم کیے جائیں گے۔
اڈیالہ روڈ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی اور داخل ہونے والی ہر گاڑی کی مکمل چیکنگ کی جائے گی۔ اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام نقل و حرکت پر سخت نظر رکھی جائے تاکہ سیکیورٹی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں رہے۔
مزید پڑھیں :مذاکرات کیلئے عمران کے 3 مطالبات سامنے آگئے،آپ بھی جا نئے















