ڈھاکہ(اے بی این نیوز)سابق بنگلا دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کی طبیعت انتہائی ناساز ہو گئی جس پر انہیں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر لیا گیا۔بنگلہ دیش کی بزرگ سیاستدان خالدہ ضیا کے ذاتی معالج ڈاکٹر زاہد حسین کے مطابق بی این پی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیا کے بیرون ملک علاج سے متعلق فیصلہ میڈیکل بورڈ کی حتمی سفارش کی روشنی میں کیا جائے گا تاہم سابق وزیراعظم کو بیرون ملک منتقل کرنے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
ذاتی معالج نے بتایا کہ گزشتہ 3 روز سے خالدہ ضیا کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی تاہم ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے انہیں بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ادویات اپنا کام کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بی این پی کے سیکرٹری جنرل مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے بھی بتایا تھا کہ خالدہ ضیاء کو بیرون ملک منتقل کرنے کے حوالے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، تاہم موجودہ طبی صورتحال میں سابق وزیراعظم سفر کی متحمل نہیں ہو سکتیں، اگر طبیعت میں کچھ بہتر ہوئی تو بیرون ملک علاج کے فیصلے پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو پھیپھڑوں کے انفیکشن اور سانس میں تکلیف کے باعث ایورکیئر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں بعد ازاں انہیں نمونیا کی تشخیص ہوئی، وہ گردوں، جگر، آرتھرائٹس اور ذیابیطس سمیت متعدد پیچیدہ امراض میں مبتلا ہیں جس کے باعث علاج مزید مشکل ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد کے دور حکومت میں اپوزیشن رہنما بیگم خالدہ ضیا کو قید کیا گیا تھا اور بعد ازاں 2020 میں انہیں خصوصی حکم نامے پر رہائی ملی تھی، ان کی سزا ہر 6 ماہ بعد معطل کی جاتی رہی مگر متعدد درخواستوں کے باوجود شیخ حسینہ حکومت کی جانب سے انہیں بیرون ملک علاج کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
دوسری طرف وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کی خرابی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں پر مبنی ایک خط ارسال کیا ہے۔
مزید پڑھیں۔ممتاز عالم دین مفتی مختار احمد درانی 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے















