اسلام آباد(اے بی این نیوز)یکم دسمبر 2025 سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے عوام کو معمولی ریلیف مل سکتا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت آئندہ 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان اتوار کو کرے گی۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 70 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 28 پیسے فی لٹر کمی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 73 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 35 پیسے کمی کا امکان ہے۔
اوگرا اپنی قیمتوں کی سمری ہفتہ کو پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجے گا، جس کے بعد وزارت خزانہ اور پیٹرولیم ڈویژن سفارشات وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوائیں گے۔ حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے۔
قیمتوں میں ممکنہ کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 261 روپے 75 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 280 روپے 12 پیسے فی لٹر ہونے کا امکان ہے۔
گزشتہ پندرہ روزہ جائزہ میں حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے اضافہ کیا تھا جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی تھی۔
دوسری جانب سینیٹ کو پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر کے لیے نافذ کردہ اضافی لیوی سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت نے 16 اپریل سے پیٹرول پر 8 روپے اور ڈیزل پر 7 روپے فی لٹر اضافی لیوی نافذ کی تھی، جس کے تحت 30 ستمبر تک صارفین سے مجموعی طور پر 66.13 ارب روپے اکٹھے کیے گئے۔ یہ لیوی اب بھی پیٹرولیم قیمتوں کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں۔نیپال کے 100 روپے کے نوٹ نے بھارت کی نیندیں اڑا دیں















