اہم خبریں

پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی کے حجرے میں دھماکہ

باجوڑ (اے بی این نیوز) خیبرپختونخوا کے علاقے باجوڑ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا انور زیب خان کےحجرے میں دھماکا خیز مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوگیا۔

ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی انور زیب کےحجرے میں دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایم پی اے انور زیب خان حجرے میں موجود نہیں تھے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے شہری کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جس کی شناخت محمد زیر کے نام سے ہوئی ہے۔

باجوڑ میں پی ٹی آئی رہنما کے حجرے میں دھماکے کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

باجوڑ کی تحصیل خار کے صدر مقام خار بازار کے علاقے کوز سر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 24 سالہ جلال خان جان رحیم کو قتل کر دیا جس کا تعلق تحصیل چم کھر سے تھا۔

ریسکیو کے مطابق مسلح ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو خار اسپتال منتقل کردیا۔

دوسرا واقعہ تحصیل خار کے علاقے جر بانڈہ ملکانہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قرآن فروش نذیر حسین ولد مولا بخش جاں بحق ہوگیا۔ ان کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع اٹک سے تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں۔پاکستان کا خوف،بھارت کا وفد فرار،جانئے تفصیلات

متعلقہ خبریں