اہم خبریں

ہانگ کانگ: خوفناک آتشزدگی میں 44 لقمہ اجل بن گئے

ہانگ کانگ(اے بی این نیوز) ہانگ کانگ میں رہائشی عمارتوں میں لگنے والی ہولناک آتشزدگی میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 44 ہو گئی، جبکہ 45 زخمی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

یہ آگ گزشتہ شب اس وقت بھڑکی جب ایک کے بعد ایک کئی رہائشی بلاکس کو شعلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث سیکڑوں رہائشی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک تقریباً 300 افراد تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں عمارتوں کی بالائی منزلوں تک پہنچنے کیلئے ہیوی مشینری، کرینز اور اسنارکل گاڑیوں کا استعمال کر رہی ہیں، تاہم دھوئیں کے بادل اور مسلسل گرنے والا ملبہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

ہانگ کانگ پولیس کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے سلسلے میں تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے دانستہ طور پر آگ لگائی۔ پولیس نے واقعے کو سنگین مجرمانہ فعل قرار دیتے ہوئے تحقیقات مزید تیز کر دی ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ لوگوں کو نکلنے کا موقع نہ مل سکا، کئی رہائشی گھروں کی کھڑکیوں سے مدد کیلئے پکارتے رہے، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں خصوصی شیلٹر سینٹر قائم کر دیے ہیں۔

ہانگ کانگ انتظامیہ نے اس سانحے کو شہر کی حالیہ تاریخ کا بدترین واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

مزیدپڑھیں۔افواہیں مسترد، اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل بہتر قرار دیدی

متعلقہ خبریں