کراچی ( اے بی این نیوز)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پائیدار ٹرانسپورٹ کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ جدید شہروں کی ترقی کا انحصار ماحول دوست اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام پر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار ٹرانسپورٹ نہ صرف شہری زندگی کو بہتر بناتی ہے بلکہ ایک صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول کے لیے بھی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں گرین ٹرانسپورٹ، الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی توسیع وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ بہتر سفری سہولتیں ٹریفک دباؤ کم کرنے، شہریوں کے وقت کی بچت اور مجموعی معیارِ زندگی میں بہتری کا باعث بنتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاربن اخراج میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست اقدامات ناگزیر ہیں، جبکہ عالمی معیار کی ٹرانسپورٹ پالیسیوں کو اپنائے بغیر مستقل بہتری ممکن نہیں۔ گورنر سندھ نے امید ظاہر کی کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدید اصلاحات مستقبل کے لیے ایک زیادہ صاف، پائیدار اور مؤثر شہری نظام کی بنیاد رکھیں گی۔
مزید پڑھیں :ٹرمپ کاکشمیرسے متعلق بیان پاکستان کی بہترین پالیسیوں کے سبب سامنے آیا، ڈاکٹر غلام نبی فائی















