اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ریلوے پولیس کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیر ریلوے کی ہدایات کے بعد ٹکٹ چیکنگ مہم کو مزید سخت اور مؤثر بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر نے واضح کیا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والا اور بغیر ٹکٹ سفر کرانے والا، دونوں جیل جائیں گے، اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی۔
ریلوے پولیس نے بریفنگ میں آگاہ کیا کہ بغیر ٹکٹ سفر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ٹرینوں اور اسٹیشنز پر چوری، سمگلنگ اور جرائم کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیر ریلوے کی ہدایت کے مطابق اینٹی انکروچمنٹ پالیسی مکمل طور پر فعال ہے اور ریلوے اراضی پر دہائیوں سے قائم تجاوزات کے خاتمے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ حکام کے مطابق ریلوے کی زمین کا ایک ایک انچ واگزار کرایا جا رہا ہے تاکہ قومی اثاثوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
اجلاس میں آئی جی ریلوے، ایس پی ریلوے راولپنڈی ڈویژن سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور سیکیورٹی، آپریشنز اور اراضی کی واگزاری سے متعلق پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں :موروثی سیاست کا طعنہ دینے والوں کے اپنے خاندان بھی انتخابات میں شامل تھے،مریم نواز















