اہم خبریں

دبئی ائیر شو حادثہ: آرمینیا نے بھارتی طیارے تیجس کی خریداری معطل کر دی

ممبئی(اے بی این نیوز)آرمینیا نے دبئی ائیر شو میں بھارتی لڑاکا طیارے تیجس کے حادثے کے بعد ان طیاروں کی خریداری معطل کر دی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اور آرمینیا کے درمیان 1.2 بلین ڈالر مالیت کے 12 لڑاکا طیاروں کی خریداری پر بات چیت جاری تھی، جو تیجس کی پہلی بڑی برآمدی ڈیل ثابت ہوتی۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس خریداری کے معطل ہونے سے اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز کو بھی دسیوں ملین ڈالر کا نقصان ہوگا، کیونکہ تیجس میں استعمال ہونے والے جدید ریڈار اور دیگر آلات اسرائیل میں تیار کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 21 نومبر کو دبئی ائیر شو کے دوران بھارت کے لڑاکا طیارے تیجس کے حادثے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا تھا اور طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا۔ اس حادثے نے عالمی دفاعی مارکیٹ میں بھارتی لڑاکا طیارے کی ساکھ پر سوالات اٹھا دیے ہیں اور متعدد ممکنہ خریداروں میں تحفظات پیدا کر دیے ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق آرمینیا کی جانب سے خریداری معطل کرنا دفاعی تجارتی تعلقات اور بھارت کی فضائی صنعت کیلئے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب بھارت اپنی دفاعی برآمدات بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

دوسری جانب بھارتی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ تیجس پروگرام جاری رہے گا، حادثے کی مکمل تحقیقات کے بعد اس میں درپیش مسائل حل کیے جائیں گے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

یہ واقعہ عالمی دفاعی صنعت میں بھارت کے لڑاکا طیاروں کی قابلِ بھروسہ ہونے کی صلاحیت پر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔

مزید پڑھیں۔

متعلقہ خبریں