اہم خبریں

تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان

یو اے ای(  اے بی این نیوز     )متحدہ عرب امارات میں اسکولوں کی سردیوں کی تعطیلات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ تعلیم کے مطابق ملک بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں طلبہ کی تعطیلات 8 دسمبر 2025 سے شروع ہوں گی اور یہ وقفہ 4 جنوری 2026 تک جاری رہے گا۔وزارت کے مطابق تدریسی اور انتظامی عملے کی چھٹیاں طلبہ سے ایک ہفتہ بعد یعنی 15 دسمبر سے شروع ہوں گی۔ اس دوران اسکول مکمل طور پر بند رہیں گے۔

جاری کردہ 2025-26 کے تعلیمی کیلنڈر کے تحت 8 سے 12 دسمبر تک میک اَپ امتحانات کا شیڈول بھی طے کیا گیا ہے، جو طلبہ کی تعطیلات کے پہلے مرحلے میں ہی منعقد ہوں گے۔ اسی ہفتے اساتذہ تیسرے مرحلے کی پیشہ ورانہ تربیت میں شرکت کریں گے۔

اعلان کے مطابق دوسرا سمسٹر 5 جنوری 2026 سے باقاعدہ طور پر شروع ہوگا، جبکہ پہلے سمسٹر کے نتائج 7 سے 9 جنوری کے درمیان جاری کیے جائیں گے۔تعلیمی کیلنڈر کے مطابق نئے سال میں مجموعی طور پر تین سمسٹر شامل ہوں گے۔ پہلے سمسٹر کی مدت 14 ہفتے اور 67 تدریسی دن، دوسرے سمسٹر میں 9 ہفتے اور 47 تدریسی دن، جب کہ تیسرے سمسٹر میں 13 ہفتے اور 64 تدریسی دن ہوں گے، جن میں 5 سرکاری تعطیلات بھی شامل ہیں۔

وزارتِ تعلیم کا کہنا ہے کہ سردیوں کی تعطیلات اور پورے تعلیمی سال کا شیڈول اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ طلبہ اور اساتذہ دونوں کو امتحانات، تربیت اور آرام کے لیے مناسب وقت مل سکے جبکہ تعلیمی سلسلہ بھی منظم انداز میں جاری رہے۔

مزید پڑھیں :کورٹ مارشل کے معاملے پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے،ڈی جی آئی ایس پی آر

متعلقہ خبریں