اسلام آباد( اے بی این نیوز )نیب نے سابق چئیرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر مزمل حسین کے خلاف جاری انکوائری باضابطہ طور پر بند کر دی ہے۔ تربیلا ڈیم توسیع منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق یہ کارروائی گزشتہ چار برس سے جاری تھی، جس میں 2021 میں 753 ملین ڈالر کے ممکنہ خرد برد کا الزام سامنے آیا تھا۔
نیب حکام کے مطابق جامع تفتیش کے بعد عدم ثبوت کی بنیاد پر کیس کے خاتمے کی سفارش کی گئی۔ یہ تحقیقاتی رپورٹ اس سال مئی میں جمع کرائی گئی تھی، جس کے بعد چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر نذیر بٹ نے انکوائری ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
مزمل حسین نے بھی معاملے کے اختتام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تفتیش کے دوران مکمل تعاون کیا اور تمام حقائق فراہم کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ الزامات بے بنیاد تھے اور اب سچ سامنے آ گیا ہے۔
نیب اس سے قبل بھی متعدد بڑے مقدمات میں ریکوریز اور کارروائیاں کر چکا ہے، جب کہ تربیلا ڈیم سے متعلق یہ انکوائری حالیہ برسوں میں نمایاں معاملات میں سے ایک تھی۔
مزید پڑھیں :طلبہ کے لیے اہم خبر،کینیڈا کا مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان،جا نئے درخواستیں کہاں اور کیسے جمع کرا ئی جائیں















