کینیڈا (اے بی این نیوز )کینیڈا نے بین الاقوامی طلبہ کے لیے مکال مکبین اسکالرشپس 2027 کا اعلان کر دیا ہے، جو مکمل فنڈڈ تعلیمی مواقع کی تلاش میں رہنے والے پاکستانی طلبہ کے لیے ایک اہم موقع سمجھا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 30 مکمل اسکالرشپس اور 100 انٹری ایوارڈز دیے جائیں گے، جن میں مکمل ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ، رہائش کی تبدیلی میں مدد اور لیڈر شپ ڈیولپمنٹ پروگراموں تک خصوصی رسائی شامل ہے۔
اسکالرشپ کے لیے درخواست دیتے وقت میک گل یونیورسٹی میں پہلے داخلہ لینا ضروری نہیں، بلکہ اسکالرشپ کی درخواست پہلے جمع کرائی جاتی ہے۔ اگرچہ 2027 بیچ کے لیے حتمی تاریخوں کا اعلان تاحال نہیں ہوا، لیکن پچھلے برسوں کے مطابق درخواستیں عام طور پر جون سے اگست کے درمیان قبول کی جاتی ہیں۔
پروگرام کے مطابق میزبان ملک کینیڈا اور میزبان ادارہ میک گل یونیورسٹی ہے۔ یہ اسکالرشپ ماسٹرز اور سیکنڈ انٹری پروفیشنل پروگرامز کے لیے ہے اور مکمل فنڈڈ معاونت فراہم کرتی ہے۔
اسکالرشپ میڈیسن، ڈینٹسٹری، لاء، آرکیٹیکچر، نرسنگ, فزیکل تھیراپی، آکوپیشنل تھیراپی، انفارمیشن اسٹڈیز اور اربن پلاننگ سمیت مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلبہ کو سپورٹ کرتی ہے۔ امیدوار میک گل میں دستیاب 400 سے زیادہ پروگرامز میں سے انتخاب کر سکتے ہیں جن میں آرٹس، انجینئرنگ، ہیلتھ سائنسز اور پبلک پالیسی بھی شامل ہیں۔
مالی فوائد میں مکمل ٹیوشن اور یونیورسٹی فیس، ہر ماہ 2300 کینیڈین ڈالر وظیفہ، ایک مرتبہ ملنے والا ریلوکیشن گرانٹ اور فرانسیسی زبان کے کورسز تک رسائی شامل ہے۔ اہل امیدواروں کے لیے گرمیوں میں 5000 کینیڈین ڈالر تک اضافی فنڈنگ بھی دی جا سکتی ہے۔
اہلیت کے مطابق امیدوار بیچلرز کے آخری سال میں ہوں اور اگست 2027 تک گریجویٹ ہو رہے ہوں، یا جنہوں نے جنوری 2021 کے بعد بیچلرز مکمل کیا ہو۔ وہ امیدوار بھی درخواست دے سکتے ہیں جنہوں نے اس سے پہلے ڈگری مکمل کی لیکن یکم جنوری 2026 تک ان کی عمر 30 سال یا اس سے کم ہو۔ درخواست گزاروں کے لیے میک گل یونیورسٹی کی تعلیمی اور زبان سے متعلق شرائط پوری کرنا بھی ضروری ہے۔
درخواستیں مکال مکبین اسکالرشپ پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی:
[https://mccallmacbainscholars.org/program/](https://mccallmacbainscholars.org/program/)
درکار دستاویزات میں عموماً تعلیمی ریکارڈ، سفارش نامے، سی وی اور پرسنل اسٹیٹمنٹ شامل ہوتے ہیں۔ امیدواروں کو چاہیے کہ 2027 بیچ کی حتمی تاریخوں سے متعلق اپ ڈیٹس کے لیے سرکاری ذرائع پر نظر رکھیں۔
میک گل یونیورسٹی مونٹریال میں واقع ہے، جو دنیا کے بہترین اسٹڈی ڈیسٹی نیشنز میں شمار ہوتی ہے۔ یہ شہر اپنی تعلیمی فضا، کثیر لسانی ماحول اور عالمی معیار کی تحقیق کے باعث بین الاقوامی طلبہ میں بے حد مقبول ہے۔
مزید پڑھیں :پشاور ، ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ، فتنہ الخوارجوں کی شناخت ہو گئی















