لاہور (اے بی این نیوز ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی وزرا اور سیکرٹریز سے خطاب کرتے ہوئے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے شکر سے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو واضح برتری حاصل ہوئی اور پنجاب سمیت خیبر پختونخوا کے عوام نے پارٹی کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق 2024 کے عام انتخابات میں جو نشستیں ہار گئی تھیں، ن لیگ نے وہ دوبارہ جیت کر ثابت کر دیا کہ اصل کامیابی بیانیے سے نہیں، کام سے ملتی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 2018 میں ترقی کی جانب بڑھتے ہوئے ملک کو ڈی ریل کیا گیا، جبکہ آج عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ سنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اور نواز شریف نے جیل تو کاٹی مگر الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا، کیونکہ بائیکاٹ دراصل مایوسی کی علامت ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی نے قیدی نمبر 804 کے نام پر الیکشن لڑا لیکن مبینہ مقبولیت کے تمام دعوے زمین بوس ہو گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ن لیگ کسی سے بدلہ نہیں لے گی بلکہ کارکردگی کے ذریعے مخالفین کو سیاسی طور پر غیر مؤثر کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2017 میں تحریک لبیک کو ضمنی الیکشن کے لیے لانچ کیا گیا جبکہ گلگت بلتستان میں کامیاب جلسوں کے باوجود ن لیگ کی نشستیں چھین لی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں دھاندلی کب اور کس کے لیے کی جاتی تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ بیانیہ بنانے والے کام نہیں کرتے، صرف نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں، جبکہ ن لیگ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت نے ملک کو دوبارہ سنبھالا ہے اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والا پروپیگنڈہ مخصوص ایجنڈے کا حصہ ہے۔ ضمنی انتخابات کی جیت انہوں نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے عوام کے نام کی۔
کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ حکومت 2 سال میں 21 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کر رہی ہے، عوام کو گھر کی دہلیز پر ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، اور پاکستان کا سب سے بڑا سرکاری کینسر اسپتال بھی تعمیر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کسان محنت میں سب سے آگے ہیں، تعلیم کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ذہین طلبہ میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے پی ٹی آئی کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دی۔ ان کے مطابق کوئی بھی مقبول شخص الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرتا، اور پی ٹی آئی کی بائیکاٹ کی بات محض منافقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا برا حال اسی لیے ہے کہ ہری پور کے عوام نے ن لیگ کو ووٹ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 14 سال میں کے پی کو پتھر کے دور میں دھکیل دیا گیا، جبکہ سابق قیادت کے فیصلوں نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ میانوالی جانے پر یوں محسوس ہوا جیسے پتھر کے زمانے میں پہنچ گئی ہوں، جہاں اس شہر کے لیے بھی کوئی کام نہیں ہوا جس نے وزیراعظم بنایا تھا۔
مزید پڑھیں :پشاور ، ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ، فتنہ الخوارجوں کی شناخت ہو گئی













