لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سابق کپتان راشد لطیف کے معاملے پر سابق چیئرمین نجم سیٹھی کو سوشل میڈیا پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان کے بیان کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر نجم سیٹھی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ ‘نجم سیٹھی، آپ کے بیانات بالکل غلط، غیر وقتی اور حقائق کے مطابق نہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘پی سی بی کی راشد لطیف کے خلاف کارروائی تنقید کو خاموش کرنے کے بارے میں کبھی نہیں تھی’۔
محسن نقوی نے وضاحت کی کہ ‘یہ جھوٹے اور ہتک آمیز الزامات کو جان بوجھ کر پھیلانے پر وضاحت کے لیے تھا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہمارا عمل مکمل طور پر قانون کے دائرے میں ہے اور ہماری پوری توجہ پاکستان کرکٹ اور اس کے کھلاڑیوں کی سالمیت کے تحفظ پر ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘راشد لطیف نے آج اپنی ٹوئٹ میں بورڈ کے موقف کی واضح حمایت کرتے ہوئے معافی مانگ لی ہے، ہم ان کی معافی کا خیرمقدم اور اعتراف کرتے ہیں’۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ‘ہم بورڈ پر تنقید کرنے والوں کو خاموش کرانے کے لیے کوئی دوسرا ذریعہ نہیں استعمال کرتے، ہم پاکستان کرکٹ اور اس کے اثاثوں کی حفاظت کرتے ہیں’۔

اس سے قبل پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ‘میں حیران ہوں کہ سابق کپتان راشد لطیف کے سوشل میڈیا پر پی سی بی کی پالیسیوں کے خلاف تنقیدی بیانات پر ایف آئی اے کی انکوائری شروع کردی گئی ہے’۔
انھوں نے کہا تھا کہ ‘میں کرکٹ انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایسے جابرانہ ہتھکنڈوں سے گریز کرے اور عدلیہ سے ہماری آزادیوں کی حفاظت کی توقع رکھتا ہوں’۔
واضح رہے کہ سابق کپتان راشد لطیف نے محمد رضوان کو ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے پر پی سی بی کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی تھی جس پر بورڈ نے بھی ردعمل دیا تھا۔
راشد لطیف نے ایکس پر اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے اب پی سی بی اور عوام سے معافی مانگ لی ہے۔
9مئی کیس : ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت منظورمزید پڑھیں:















