اہم خبریں

بڑا سانحہ ٹل گیا! سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے جانیں بچا لیں

بنوں (اے بی این نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس نے بسیا خیل کے علاقے میں پل کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

دہشت گردوں نے 8 سے 10 کلو گرام بارودی مواد سے بھری بالٹی سے بنی دیسی ساختہ ڈیوائس (آئی ای ڈی) کو پل کے مین ستون سے جوڑ دیا تھا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت ناکارہ بنا دیا، جس سے عوامی انفراسٹرکچر کو تباہی سے بچا لیا۔

مقامی لوگوں نے بنوں پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا اور شر پسند عناصر کے خلاف بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ضلع بنوں میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخواج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔

صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس سے قبل بنوں ریجن کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 3 اہم کمانڈروں سمیت 17 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق آپریشنز میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز محفوظ رہیں، آپریشن کے دوران مقامی لوگوں نے بھرپور تعاون کیا۔
مزید پڑھیں‌:برازیل کے سابق صدر جیر بولسونارو کو جیل بھیج دیا گیا

متعلقہ خبریں