ویتنام(اے بی این نیوز)ویتنام میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے اب تک 55 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویتنام کی ڈیزاسٹر ایجنسی نے بتایا کہ وسطی ویتنام میں طوفانی بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مرنے والوں کی تعداد 55 ہو گئی ہے جبکہ 13 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔
وسطی ویتنام کے کچھ حصوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران بارش 1,900 ملی میٹر (74.8 انچ) سے تجاوز کر گئی۔ یہ خطہ کافی کی پیداوار کا ایک بڑا بیلٹ ہے اور مشہور ساحلوں کی آماجگاہ ہے۔
تقریباً نصف ہلاکتیں ڈاک لک صوبے میں ہوئیں جہاں 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 14 افراد کھان ہوا صوبے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے معیشت کو تقریباً 8.98 ٹریلین ڈونگ (445 ملین ڈالرز) کا نقصان ہوا ہے۔
ویتنام کی ڈیزاسٹر ایجنسی نے کہا کہ 235,000 سے زیادہ مکانات سیلاب میں ڈوب گئے ہیں اور تقریباً 80,000 ایکڑ فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مزید پڑھیں۔نائیجیریا: مسلح افراد نےکیتھولک اسکول سے 200 سے زائد طلبہ کو اغوا کرلیا















