کراچی (اے بی این نیوز) شہر کے مختلف علاقوں کو پانی سپلائی کرنے والے کے تھری پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا ایک اور بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق K-3 اسٹیشن کی بجلی گزشتہ رات 12 بجے سے بند ہے۔ 13 گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال کیبل فالٹ دور نہیں ہو سکا۔ 18 نومبر کو بھی پمپنگ اسٹیشن میں بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا۔
کارپوریشن حکام نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے 41 گھنٹے بعد 20 نومبر کو K-3 پمپنگ اسٹیشن کی سپلائی بحال کی۔ چند گھنٹوں کے آپریشن کے بعد کیبل میں خرابی کے باعث دوبارہ بجلی چلی گئی۔ 17 نومبر کو کے الیکٹرک انتظامیہ نے بھی کیبل فالٹ کو درست کرنے کے لیے بند کر دیا۔
بجلی کی بندش کے باعث نارتھ ناظم آباد، گلبرگ ٹاؤن، گلستان جوہر اور اسکیم 33 میں پانی کی قلت ہے جب کہ گلشن اقبال، نیو کراچی، صدر اور کلفٹن کے مختلف بلاکس میں بھی پانی کی فراہمی متاثر ہے۔
حکام کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو شہر میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران سے آگاہ کر دیا ہے، بجلی کی بندش سے شہر کو 335 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 5 نومبر، 11 نومبر، 13 نومبر اور 15 نومبر کو بھی کے الیکٹرک کی جانب سے کیبل میں خرابی کے باعث کئی گھنٹوں تک بجلی معطل رہی۔
مزید پڑھیں:عمران خان سے ملاقات کیوں نہیں ہو رہی؟ امیر مقام نے اصل راز فاش کر دیا















