اہم خبریں

’بینظیر انکم سپورٹ پروگرام‘میں رجسٹرڈ شہریوں کے لیے وارننگ جاری

اسلام آباد (اے بی این نیوز) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں رجسٹرڈ شہریوں کے لیے وارننگ جاری کر دی گئی۔

بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری کردہ وارننگ میں رجسٹرڈ شہریوں سے کہا گیا کہ وہ موبائل فون پر موصول ہونے والے کسی بھی ایس ایم ایس یا فون کالز سے آگاہ رہیں جس میں بی آئی ایس پی رقم کا مطالبہ کر رہا ہو اور دیے گئے نمبر پر رابطہ کریں یا ذاتی معلومات شیئر کریں۔

وارننگ میں کہا گیا کہ ایسے پیغامات کا جواب کبھی نہ دیں، بی آئی ایس پی کے تمام پیغامات صرف 8171 سے موصول ہوتے ہیں اور کسی دوسرے نمبر پر اعتماد نہ کریں۔

واضح رہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے رجسٹرڈ شہریوں کے لیے رقم کی ادائیگی کا نیا نظام ’سوشل پروٹیکشن والیٹس‘ متعارف کرایا، جس کا مقصد نظام کو مزید شفاف اور آسان بنانا ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے ادائیگی کے نظام کو مزید شفاف اور آسان بنانے کے لیے رجسٹرڈ شہریوں کے لیے سوشل پروٹیکشن والیٹس کا آغاز کیا ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن والیٹس سسٹم کے تحت رجسٹرڈ خواتین میں مفت سم کارڈز کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔ خواتین اپنے اصل شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ساتھ قریبی بی آئی ایس پی آفس یا نامزد کیمپ میں جائیں جہاں بائیو میٹرک تصدیق کے بعد انہیں مفت موبائل سم فراہم کی جائے گی جس کے ذریعے ان کا سوشل پروٹیکشن والیٹ ایکٹیویٹ ہو جائے گا۔

انہوں نے ویڈیو پیغام میں واضح کیا کہ خواتین سم حاصل کرنے کے لیے کسی کو رقم ادا نہ کریں کیونکہ یہ بالکل مفت ہے، سم پر سوشل پروٹیکشن والیٹس صرف بی آئی ایس پی بنائے گا، اس لیے کسی غیر مجاز شخص یا ادارے سے رابطہ نہ کریں۔

چیئرپرسن نے مزید کہا کہ مستقبل میں تمام ادائیگیاں ایک ہی سوشل پروٹیکشن والیٹس کے ذریعے منتقل کی جائیں گی جبکہ ادائیگیوں سے متعلق پیغامات بھی اسی سم پر موصول ہوں گے۔
مزید پڑھیں‌:پاکستان میں انٹرنیٹ ڈاؤن! اصل وجہ سامنے آ گئی

متعلقہ خبریں