اسلام آباد (رضوان عباسی)آزاد کشمیر نئی کابینہ کی تشکیل مکمل ، وزارتوں کی تقسیم کا باقاعدہ اعلان ، آزاد کشمیر میں نئی کابینہ کی تشکیل کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور وزارتوں کی تقسیم کی منظوری بھی باقاعدہ طور پر دے دی گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق نومنتخب وزراء کو جلد قلمدان سونپنے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نئی کابینہ میں اہم وزارتیں سینئر سیاسی شخصیات کے حوالے کی گئی ہیں۔نوٹیفیکیشن کے مطابق میاں وحید کو سینئر وزیر مقرر کرتے ہوئے قانون، پارلیمانی امور اور انسانی حقوق کا قلمدان دے دیا گیا ہے۔ وزارتِ صحت و بہبود آبادی بازل نقوی کے سپرد کر دی گئی ہے، جبکہ قاسم مجید کو وزارتِ خزانہ اور ان لینڈ ریونیو کا محکمہ تفویض کر دیا گیا ہے۔سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق سردار ضیاء القمر کو محکمہ مواصلات اور تعمیرات عامہ، جبکہ جاوید ایوب کو محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف، فشریز اور ترقیاتی ادارہ مظفرآباد سونپ دیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم (کالجز) ملک ظفر کے حوالے کیا گیا ہے اور عامر یاسین کو لوکل گورنمنٹ کی وزارت دی گئی ہے۔چوہدری رشید کو وزارتِ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ دیوان علی چغتائی کے محکمہ تعلیم (اسکولز) سنبھالنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ چوہدری اخلاق کو وزارتِ مال تفویض کی گئی ہے۔ نوٹیفیکشن کے مطابق علی شان سونی کو زراعت، امور حیوانات، آبپاشی، ڈیری ڈویلپمنٹ اور اسمال ڈیمز کی وزارت دے دی گئی ہے، جبکہ نبیلہ ایوب کو کشمیر لبریشن سیل، آرٹس اینڈ لینگویجز کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ جاوید اقبال بڈھانوی کے سپرد محکمہ خوراک کر دیا گیا ہے اور یاسر سلطان کو وزارتِ ہاؤسنگ دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق چوہدری ارشد کو توانائی و آبی وسائل اور وزارتِ برقیات کا وزیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ فہیم ربانی کو سیاحت اور آثارِ قدیمہ کا محکمہ دیا گیا ہے، جبکہ محمد حسین کو محکمہ سماجی بہبود، ترقیِ نسواں، عشر و زکوٰۃ کا قلمدان مل گیا ہے۔ رفیق نئیر کو محکمہ مذہبی امور و اوقاف تفویض کر دیا گیا ہے۔مشیرِ حکومت فہد یعقوب کو صنعت و تجارت، لیبر اور اوزان و پیمائش کا محکمہ دیا گیا ہے جبکہ مشیر احمد صغیر کو اسپورٹس، یوتھ اور کلچر کی وزارت سونپی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ چوہدری ریاض سے واپس لے کر چوہدری اکبر ابراہیم کو دیے جانے کا امکان ہے۔ وزارتِ داخلہ اور اطلاعات و آئی ٹی کے لیے نام تاحال فائنل نہیں ہو سکے۔
مزید پڑھیں :مہنگائی کا جن بے قابو















