راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) راولپنڈی میں جاری سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے دی۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، مگر یہ فیصلہ ان کے لیے فائدہ مند ثابت نہ ہوا۔
زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 162 رنز بنائے۔ برین بینیٹ نے جارحانہ انداز میں 49 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان سکندر رضا نے 47 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط سہارا دیا۔ ریان برل نے 18، برینڈن ٹیلر اور تھاشنگا مسکیوا نے 11، گیئٹیموناشے مرومانی نے 10 رنز جوڑے۔ ٹینو ٹنڈا ماپوسا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ونندو ہاسارنگا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشان ملنگا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دشمنتھا چمیرا اور ماہیش ٹھیکشانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
163 رنز کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کبھی بھی اعتماد کے ساتھ کھیل نہ سکھی اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 95 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ داسن شانکا 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بھانوکا راجاپاکسا نے 11، کمنڈو مینڈس نے 9، جبکہ ہاسارنگا اور ٹھیکشانا نے 8، 8 رنز بنائے۔ بقیہ بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
زمبابوے کے بولرز نے بہترین لائن اور لینتھ کے ساتھ سری لنکن بیٹرز کو دباؤ میں رکھا۔ بریڈ ایونز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، رچرڈ نگاروا نے 2 وکٹیں لیں جبکہ سکندر رضا، ٹینو ٹنڈا پاموسا، برین کریمر اور ریان برل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر زمبابوے کے کپتان سکندر رضا کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان میں قربتیں بڑھنا شروع ہو گئیں،اہم عہدہ دینے پر غور













