اسلام آباد ( اے بی این نیوز )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کی 13 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات 23 نومبر کو ہوں گے، جبکہ انتخابی مہم 21 اور 22 نومبر کی درمیانی رات 12 بجے مکمل طور پر ختم ہو جائے گی۔ کمیشن کے مطابق اس وقت کے بعد کوئی جلسہ، ریلی یا انتخابی سرگرمی اجازت کے بغیر نہیں ہو سکے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں کو ضابطہ اخلاق کی پابندی کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق پولنگ کے بعد 48 گھنٹوں تک سیاسی اجتماعات پر پابندی ہوگی، اور خلاف ورزی پر دو سال تک قید، ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔
ضمنی انتخابات اُن حلقوں میں ہوں گے جن میں قومی اسمبلی کے این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال، این اے 185 ڈی جی خان، این اے 18 ہری پور، این اے 104 فیصل آباد اور این اے 96 فیصل آباد شامل ہیں۔
صوبائی نشستوں میں پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد، پی پی 115 فیصل آباد، پی پی 116 فیصل آباد، پی پی 203 ساہیوال اور پی پی 269 مظفر گڑھ شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق پرامن اور شفاف انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی اداروں کو بھی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں :تعلیمی اداروں کیلئے نئے احکامات جاری،جا نئے کیا















