ماسکو ( اے بی این نیوز )روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے، جہاں روس نے مختلف علاقوں میں میزائلوں اور ڈرونز کی بھرپور بارش کر دی۔ خبر ایجنسی کے مطابق روس کے تازہ حملوں میں یوکرین کے 153 مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں رہائشی علاقوں سمیت متعدد اہم تنصیبات شامل ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہوئے۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روسی حملوں سے رہائشی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ ایک اسکول، سپر مارکیٹ اور ایک ایمبولینس کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ بجلی کی تنصیبات کو نقصان کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ روس نے ان حملوں میں 470 ڈرونز اور 48 میزائل استعمال کیے۔ انہوں نے عالمی برادری سے فوری طور پر مزید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر بڑھتے حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ روس پر موجودہ عالمی دباؤ ناکافی ہے۔
دوسری جانب روس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حملوں میں صرف توانائی اور دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ یوکرین کا الزام ہے کہ روسی کارروائیاں مسلسل شہری علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں اور بڑے انسانی بحران کا باعث بن رہی ہیں۔
مزید پڑھیں :تعلیمی اداروں کیلئے نئے احکامات جاری،جا نئے کیا















