اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد میں عوام کے لیے مفت انٹرنیٹ سہولیات بڑھانے کے منصوبے کے تحت دسمبر 2025 تک 30 مفت وائی فائی ہاٹ سپاٹ نصب کیے جائیں گے۔
نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور مقررہ مدت تک یہ سہولت شہریوں کے لیے مکمل طور پر فعال کر دی جائے گی۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ اقدام ملک میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی حکومتی پالیسی کا حصہ ہے، مفت ہاٹ سپاٹ اسلام آباد کے اہم عوامی مقامات، مارکیٹوں اور سرکاری عمارتوں کے قریب نصب کیے جائیں گے تاکہ شہری اور طلبہ تیز رفتار انٹرنیٹ تک آسان رسائی حاصل کر سکیں۔
این ٹی سی نے مزید کہا کہ ادارہ ملک بھر کے 100 سے زائد شہروں میں 3 ہزار سے زیادہ سرکاری و نجی اداروں کو خدمات فراہم کر رہا ہے، جن میں سائبر سیکیورٹی سپورٹ بھی شامل ہے۔حکام کے مطابق مفت وائی فائی منصوبہ اسلام آباد کو ٹیکنالوجی فرینڈلی شہر بنانے کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں: اسرائیل نے آج پھر لبنان پر حملہ کردیا،13 افراد جاں بحق















