اہم خبریں

سعودی عرب امریکہ میں  ایک ٹریلین ڈالر تک سرمایہ کاری کرے گا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

واشنگٹن (اے بی این نیوز)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور مستقبل کی اسٹریٹجک شراکت داری پر تفصیلی گفتگو کی۔صدر ٹرمپ نے شہزادہ محمد بن سلمان کو پرتپاک انداز میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ تعلقات نہایت خوشگوار اور دوستانہ ہیں۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کی پالیسیوں اور اصلاحات کو “قابلِ تعریف” قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمد بن سلمان مستقبل کے بادشاہ ہیں اور خطے میں ان کی قیادت نمایاں ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایک سال پہلے امریکا کمزور پوزیشن میں تھا، لیکن اب وہ دوبارہ ایک مضبوط اور مرکزی عالمی قوت بن چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے600 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے معاشی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی اور اسے مزید بڑھایا جائے گا۔

جواب میں ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی سرمایہ کاری کو600 بلین ڈالر سے بڑھا کر ایک ٹریلین ڈالر تک لے جایا جائے گا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ آج کا دن سعودی امریکا تعلقات میں تاریخی اہمیت رکھتا ہے اور دونوں ممالک مستقبل کی مشترکہ ترقی کے لیے بڑے اہداف پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی اور جدید شعبوں میں نئی پیش رفت کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، جو آنے والے برسوں میں خطے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا ہے کہ ریاض مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا اور منصفانہ امن کا خواہاں ہے، خصوصاً اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری تنازع کے پائیدار حل کو اولین ترجیح دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو ابراہم معاہدے کا حصہ بننا چا ہیئے، مگر اس سے پہلے ضروری ہے کہ فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ حل سامنے آئے۔ ولی عہد نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دو ریاستی حل کی ضمانت ہی خطے میں امن کی حقیقی بنیاد بن سکتی ہے، اور اسی کے بعد کسی بھی بڑے سفارتی یا علاقائی معاہدے کی راہ ہموار ہوگی۔ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ سول نیوکلئیر ڈیل ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں :ہمیں ماضی کی تلخ یادیں بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا،مولانا فضل الرحمان

متعلقہ خبریں