اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی آئینی عدالت کی پہلی کاز لسٹ جاری کر دی گئی، 3 بینچ آئندہ ہفتے مقدمات کی سماعت کریں گے۔
جاری کی گئی کاز لسٹ کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان مقدمات کی سماعت کریں گے، جسٹس حسن اظہر رضوی بھی مقدمات کی سماعت کریں گے جب کہ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس کے کے آغا پر مشتمل 2 رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا۔
یہ عدالت حال ہی میں 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے قائم کی گئی تھی جبکہ اس سے قبل سپریم کورٹ میں آئینی بنچ موجود تھا۔
دو روز قبل صدر آصف علی زرداری نے نئی عدالت کے ججز کے لیے صدارتی حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت یہ عدالت چیف جسٹس سمیت 13 ججز پر مشتمل ہو گی جب کہ یہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ٹاپ فلور پر قائم کی جائے گی۔
ججز کی فہرست میں جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس روزی خان، جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عامر فاروق شامل ہیں۔ تمام ججز آئینی عدالت کے باقاعدہ فیصلوں میں حصہ لیں گے اور آنے والے دنوں میں عدالتی کارروائی شروع ہونے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں:ایف آئی اے کی کارروائی! غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں دو ملزمان گرفتار















