کراچی (اے بی این نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمرشل بینکنگ سرکل اور اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور کارروائیوں کے دوران ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اور اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے حوالات ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں پرویز خانانی اور عمران خان شامل ہیں۔ ملزمان کو گل پلازہ اور طارق روڈ سے گرفتار کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہیں۔ ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 30,500 امریکی ڈالر برآمد ہوئے ہیں، موبائل فون اور چیک بک بھی برآمد ہوئی ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کے کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں مصروف تھے، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکے تاہم اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملزمان کے دیگر نیٹ ورک کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں
مزید پڑھیں:کسٹمز کی کارروائی! کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ سگریٹ ضبط















