اسلام آباد (اے بی این نیوز) جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں چینی کا بحران بدستور جاری ہے اور چینی کی قیمت قابو میں نہیں آ سکی اور 210 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر بے بس نظر آتی ہے جہاں سرکاری ریٹ 179 روپے فی کلو ہے تاہم شہر کی کسی دکان پر چینی دستیاب نہیں۔ اب بیرون ملک سے درآمد کی گئی باریک پاؤڈر چینی بھی مارکیٹ میں متعارف کروا دی گئی ہے جس کا کوئی خریدار نہیں۔
گروسری مرچنٹس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر ہمیں چینی 173 روپے فی کلو فراہم کی جائے تو ہم 179 روپے فی کلو فروخت کرنے کو تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ بتائے کہ کون سا ہول سیل ڈیلر چینی 173 روپے فی کلو فروخت کرتا ہے۔
گروسری مرچنٹس ایسوسی ایشن نے مہنگی چینی خریدنے اور سستے داموں فروخت کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوگر ملز ضلعی انتظامیہ کی گاڑیوں اور اتوار بازاروں میں سستی چینی کے سٹالز لگائیں۔ ہمیں تھوک چینی 187 روپے فی کلو ملتی ہے، اور باقی 12 روپے فی کلو ہمارا خرچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث لوڈنگ اور ان لوڈنگ ٹرانسپورٹ مزید مہنگی ہو گئی ہے اور سوموار (17) نومبر سے چینی اور دالوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں:بڑی خوشخبری!وزیر اعلیٰ پنجاب کا’ گرین ٹریکٹر اسکیم‘ کا باضابطہ آغاز















