اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے رواداری کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے احترام اور برداشت اور بردباری کی مشترکہ انسانی صفت سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن انسانی کردار کی اس خصلت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ برداشت کی عادت کمزوری نہیں، حکمت، صبر، انسانیت اور کردار کی مضبوطی کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رواداری اور بردباری نہ صرف معاشرتی حسن کے مطابق ہے بلکہ اسلامی تعلیمات، اسلامی اصولوں اور تمام بین الاقوامی قوانین کے مطابق بنیادی انسانی اقدار کی اہمیت کو ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمہ جہتی ثقافت، مختلف زبانیں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ قائم ہیں، یہ بحیثیت قوم پاکستان کا حسن ہے، پاکستان کا آئین ہر شہری کو برابری اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور برداشت کی اقدار کو فروغ دینا ہر شہری کا فرض ہے، حکومت بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی حکمت عملی پر کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی تناظر میں اقلیتوں کے حقوق کا بل 2025 بھی پارلیمنٹ سے منظور کیا گیا ہے جو اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ آج ہم عہد کریں کہ رواداری اور برداشت جیسی اقدار کو سیاسی، مذہبی اور ثقافتی روایات کا حصہ بنائیں گے۔















