اہم خبریں

سعودی عرب کی جانب سے حج 2026 کے لیے سخت طبی شرائط – بیمار عازمین پر پابندیاں عائد

اسلام آباد(رضوان عباسی سے)سعودی حکومت نے حج 2026 کے لیے نئی طبی شرائط اور سخت پابندیاں جاری کر دی ہیں، جن کے تحت مختلف سنگین امراض میں مبتلا افراد کے لیے حج پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق بیمار عازمین کو سعودی عرب پہنچنے پر واپس وطن بھیج دیا جائے گا، اور واپسی کا تمام خرچہ عازمینِ حج خود ادا کریں گے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ بیمار عازمین کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی، جبکہ سعودی حکام کی خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں فٹنس سرٹیفکیٹس کی درستگی کی جانچ پڑتال کریں گی۔

سعودی وزارتِ صحت کی ہدایات کے مطابق حج 2026 کے لیے درج ذیل امراض کے حامل افراد پر پابندی ہو گی:

گردوں کے امراض اور ڈائیلاسز کے مریض، وہ دل کے مریض جو مشقت کے قابل نہ ہوں، پھیپھڑوں اور جگر کے امراض میں مبتلا افراد، شدید اعصابی اور نفسیاتی امراض، کمزور یادداشت، شدید معذوری اور ڈیمنشیا کے مریض، شدید بڑھاپے کے شکار افراد، الزائمر اور رعشہ کے مریض، حاملہ خواتین، کالی کھانسی، تپ دق اور وائرل ہیمرج بخار کے مریض، جبکہ کینسر کے مریضوں کے لیے بھی پابندی عائد ہو گی۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج روانگی سے قبل میڈیکل افسر کو یہ اختیار حاصل ہو گا کہ وہ طبی بنیادوں پر کسی بھی عازم کو سفر سے روک سکے۔ صرف وہی عازمین حج پر روانہ ہو سکیں گے جو مقررہ بنیادی طبی معیار پر پورا اتریں گے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ تمام عازمین اپنے میڈیکل سرٹیفکیٹس اور صحت سے متعلق معلومات درست فراہم کریں، تاکہ حج مشن کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید پڑھیں۔بھارتی کپتان شبمن گل جنوبی افریقا کیخلاف میچ کے دوران شدید انجری کا شکار، آئی سی یو میں داخل

متعلقہ خبریں