مظفرآباد(اے بی این نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے سینئر پارلیمنٹیرین اور وزیرِ تعلیم دیوان علی چغتائی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
انہوں نے یہ اعلان اسلام آباد میں زرداری ہاؤس میں انچارج سیاسی امور آزاد کشمیر فریال تالپور سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری محمد ریاض، سرکاری وزیر ضیاءالقمَر اور سرکاری مشیر سردار احمد صغیر بھی موجود تھے۔
فریال تالپور نے دیوان علی چغتائی کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔
دیوان علی چغتائی نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آزاد کشمیر بھر میں ترقی، مساوات اور عوامی بااختیاریت کے مشن کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ ان دنوں آزاد کشمیر میں سیاسی درجہ حرارت گرم ہے، وزیر اعظم انوار الحق چوہدری کو پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا ہے۔ پی پی پی اور ن لیگ نے مشترکہ طور پر فیصل ممتاز راٹھور کو وزیر اعظم کے لیے نامزد کر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں۔انٹرپول نے مونس الہٰی کے خلاف 2 سال سے جاری تحقیقات بند کردی















