لاہور(اے بی این نیوز)پنجاب حکومت کے انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ نے سٹیج پرفارمنس کے ضابطوں اور تھیٹر ایس او پیز کی مبینہ خلاف ورزی پر 6 سٹیج اداکاراؤں پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی ایک سرکاری خط کے ذریعے لگائی گئی، جو پنجاب کونسل آف دی آرٹس (PUCAR) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ارسال کیا گیا۔
خط میں ہر اداکارہ کے خلاف الزامات کی تفصیل کے ساتھ درج کی گئی ہے اور ساتھ پابندی کی مدت بھی ہے۔ خط کے مطابق مجاز اتھارٹی نے 4 نومبر 2025 کو جمع کرائی گئی متعدد رپورٹس کا جائزہ لیا۔ ان رپورٹس میں بار بار ’’فحش اور نامناسب رقص‘‘ پیش کرنے اور ’’منظور شدہ اسکرپٹ سے ہٹ کر پرفارمنس‘‘ کرنے کی شکایات شامل تھیں۔
رپورٹس کی بنیاد پر ان چھ اداکاراؤں کے خلاف کارروائی کی منظوری دی گئی، جس کے بعد پنجاب کونسل آف دی آرٹس کو پابندی کے احکامات جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سیکشن آفیسر (کلچر) نے اپنے مراسلے میں پنجاب کونسل آف دی آرٹس کو درج ذیل اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ نامزد اداکاراؤں کے خلاف پابندی کے احکامات جاری کیے جائیں، تمام متعلقہ محکموں اور اسٹیک ہولڈرز کو فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔
پنجاب بھر میں کمرشل تھیٹر سرگرمیوں میں ثقافتی ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ خط کی نقول انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ کے سینئر حکام کو بھی بھیجی گئی ہیں تاکہ ریکارڈ مکمل رکھا جائے اور مزید انتظامی اقدامات کیے جا سکیں۔ محکمے کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سٹیج پر ایسی پرفارمنسز کا خاتمہ ہے جو ثقافتی حدود سے تجاوز کرتی ہیں اور تھیٹر سرگرمیوں کو مقرر کردہ ایس او پیز کے مطابق لانا ہے۔
مزید پڑھیں۔ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا ؟















