راولپنڈی (اے بی این نیوز )راولپنڈی میں چیئرمین پی سی بی اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے بھی ان کے ہمراہ تھے۔ محسن نقوی نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کر کے انہیں اپنے فرائض جانفشانی سے ادا کرنے کی تلقین کی۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے پریکٹس میں مصروف سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی اور ان کا پاکستان میں سیریز جاری رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے اور ان کا پاکستان میں کھیلنا امن کی فتح اور دہشت گردی کی شکست ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پورا پاکستان سری لنکن ٹیم کے خلوص اور محبت کا مقروض ہے اور دونوں ممالک کی دوستی کا یہ خوبصورت لمحہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ بعد ازاں انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی اور پریکٹس سیشن کا مشاہدہ کیا۔
سری لنکن ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے اور ہم سیکیورٹی انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔
مزید پڑھیں :وکلا تحریک کا امکان بڑھ رہا ہے،ردعمل تیار ہے ،اعتزاز احسن















