اہم خبریں

شکارپور: گھر پر راکٹ لانچر سے حملہ، باپ اور 2 بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق

شکارپور(اے بی این نیوز)شکارپور میں گھر پر راکٹ لانچر سے حملہ کرکے 5 افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شکارپور کے نواحی علاقے ٹاؤن چک کے قریب گوٹھ بیچانجی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، بڈانی قبیلے کے مسلح افراد نے شر قبیلے کے ایک گھر پر حملہ کیا، حملہ آوروں نے گھر کو گھیرے میں لینے کے بعد راکٹ لانچر فائر کیا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔

دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں گھر میں موجود 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں گھر کا مالک عبدالخالق شر، اس کے دو بیٹے خالد شر اور راجا شر، بھائی عبدالستار شر اور مہمان عبدالجبار شر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ قبائلی دشمنی کا شاخسانہ ہے، لاشیں ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دی گئیں، علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے جبکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔

مزید پڑھیں۔برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کو عہدے سے ہٹانے کی تیاریاں ہونے لگیں

متعلقہ خبریں