اسلام آباد(اے بی این نیوز) جی الیون کچہری کے نزدیک خودکش دھماکا، 12 افراد شہید، متعدد زخمی
اسلام آباد کے جی الیون سیکٹر میں کچہری کے نزدیک خود کش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
نجی چینل کے مطابق اسلام آباد میں منگل کی دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے جی الیون سیکٹر کی کچہری کے نزدیک کھڑی گاڑی میں زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے سے گاڑی میں آگ لگ گئی اور قریب کھڑی گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور جائے وقوعہ سے مبینہ خودکش حملہ آور کا سر بھی مل گیا ہے، دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں وکلا اور سائلین بھی شامل ہیں۔
دھماکے کے زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ کچہری کے باہر دھماکے میں ہندوستانی اسپانسرڈ اور افغان طالبان کی پراکسی فتنہ الخوارج ملوث ہے۔
مزید پڑھیں۔ٹک ٹاکر سوزین خان کی ’ہیلووین پارٹی‘ پر پولیس کا چھاپہ، درجنوں افراد گرفتار















