لاہور(اے بی این نیوز)حکومت نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے لیے رجسٹریشن کا عمل مزید سادہ اور آسان کر دیا ہے، جس سے اہل شہری اپنے گھروں کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے آسانی سے استفادہ کر سکیں گے۔ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اب شہری گھر بیٹھے آسانی سے آن لائن درخواست جمع کروا سکتے ہیں، جس سے اس پروگرام کی تکمیل میں مزید تیزی آئے گی۔
پروگرام کے تحت اب تک شاندار نتائج سامنے آ چکے ہیں۔ صرف قلیل مدت میں 30,600 مکانات مکمل کیے جا چکے ہیں، اور 1,05,700 خاندانوں نے اپنے گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے حاصل کر لیے ہیں۔
مزید برآں 69,200 خاندانوں نے اپنے قرضوں کی دوسری قسط بھی وصول کر لی ہے تاکہ تعمیراتی منصوبوں کو جاری رکھا جا سکے۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام متوسط طبقے کے افراد کے لیے گھر کی ملکیت کو مزید قابل رسائی بنا رہا ہے۔ حکومت نے اس پروگرام میں جلد قرضہ واپس کرنے والوں کے لیے خصوصی مراعات متعارف کرائی ہیں: جو خاندان 1 سے 3 سال کے اندر اپنے قرضوں کی ادائیگی مکمل کرتے ہیں، انہیں 20 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ چار سے چھ سال میں قرض ادا کرنے والوں کو 10 فیصد رعایت حاصل ہوگی۔
یہ اقدام نہ صرف قرض کی جلد ادائیگی کو فروغ دے گا، بلکہ شہریوں کو اپنے گھروں کی تعمیر میں تیزی سے مدد فراہم کرے گا۔ حکومت نے آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے اس عمل کو مزید تیز، شفاف اور آسان بنا دیا ہے، تاکہ درخواست دہندگان اب کسی بھی دفاتر کے چکر لگائے بغیر اسکیم میں شامل ہو سکیں۔
مزید پڑھیں۔بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل اور سی ای او مستعفی















