اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظِ آئین پاکستان نے حکومت کی مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آج سے تحریک کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے اور رات ساڑھے آٹھ بجے سے ملک بھر میں نعرے بلند کیے جائیں گے ان کے مطابق آج کا نعرہ ہو گا *ایسے دستور کو ہم نہیں مانتے*
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ چھٹی کے دن آئین پر حملہ کیا گیا ہے اور پاکستان کی بنیادوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی انہوں نے دعویٰ کیا کہ بغیر الیکشن کے ایک ٹولہ ملک پر قابض ہے اور 27 ویں ترمیم اسی سلسلے کی کڑی ہے
مشترکہ پریس کانفرنس میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ یہ ترمیم مخصوص شخصیات کے فائدے کے لیے لائی گئی ہے جبکہ آئین کا شخصیات سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ان کے مطابق اشرافیہ اپنے مفادات کے لیے آئینی ترامیم میں ردوبدل کر رہی ہے اور استثنیٰ کی بندر بانٹ جاری ہے
سینیٹر راجہ ناصر عباس نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ دونوں کو تباہی کے راستے پر دھکیل دیا گیا ہے اور اگر یہ ترمیم آگے بڑھی تو ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا انہوں نے اعلان کیا کہ ترمیم کا راستہ روکنے کے لیے اپوزیشن ہر حد تک جائے گی
مزید پڑھیں :شدید زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ















