اسلام آباد(اے بی این نیوز)مسلمانوں کے لیے آزاد ملک کا خواب دیکھنے والے اور انسانی روح بیدار کرنے والے مفکرِ پاکستان شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 148 واں یوم پیدائش آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
محکوم قوموں کو جاگ اٹھنے اور ایک نئی تہذیب تعمیر کرنے کا سبق دینے والے علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوگی ۔
واضح رہے کہ ہر سال 9 نومبر کو پورے پاکستان میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم پیدائش کو یوم اقبال کے طور پر منایا جاتا ہے۔
علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزاد ریاست کے خیال کو جنم دیا تھا، ان کے الفاظ میں یہ طاقت تھی کہ انہوں نے امّت مسلمہ کو ان کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے اور آزادی کے لیے قدم آگے بڑھانے کی ترغیب دی۔
علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کے لیے جداگانہ قومیت کا احساس اُجاگر کیا اور اپنی شاعری سے مسلمانوں کو بیدار کیا۔
اُن کے افکار اور سوچ نے اُمید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نا صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔
یاد رہے کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پائی۔
مزید پڑھیں۔اپوزیشن اتحاد کا 27ویں آئینی ترمیم کیخلاف ملک گیر تحریک کا اعلان















