اسلام آباد(اے بی این نیوز) اپوزیشن اتحاد نے 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف بھرپور ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
قومی اسمبلی و سینیٹ میں نامزد اپوزیشن لیڈر اور تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور وائس چیئرمین علامہ ناصر عباس نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ ترمیم جمہوری اقدار اور آئینی توازن کے منافی ہے۔
علامہ ناصر عباس نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں جمہوری اداروں کو مفلوج کر دیا گیا ہے، طاقت کے مراکز کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 27ویں ترمیم کے ذریعے ملک کے آئینی ڈھانچے کو تبدیل کر کے عوامی نمائندوں کے اختیارات محدود کیے جا رہے ہیں۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد اس ترمیم کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا،کل رات ساڑھے آٹھ بجے سے ہماری ملک گیر تحریک شروع ہوگی اور ہم اللہ اکبر کے نعرے کے ساتھ آئینی بالادستی کیلئے جدوجہد کا آغاز کریں گے۔
علامہ ناصر عباس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئینِ پاکستان کے تحفظ کیلئے متحد ہوں اور اپنی آواز بلند کریں، کل رات ملک بھر میں ایک ہی نعرہ گونجے گا:
اس دستور کو، صبحِ بے نور کو، میں نہیں مانتا، میں نہیں مانتا
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے اس اعلان سے ملکی سیاست میں ہلچل متوقع ہے، جبکہ حکومت اس تحریک کے ردعمل کیلئے حکمتِ عملی تیار کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں۔تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان















