اہم خبریں

مجمعے میں موجود شخص کا میکسیکو کی خاتون صدر کابوسہ لینے کی کوشش

میکسیکو(اے بی این نیوز) میکسیکو کی خاتون صدر کلاڈیا شین بام کے ساتھ ان کے حامیوں سے ملاقات کے دوران ہراسانی کا واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ منگل کے روز صدارتی محل کے قریب اس وقت پیش آیا جب صدر شین بام ایک تقریب کے لیے جا رہی تھیں۔

راستے میں موجود حامیوں سے مصافحہ اور تصاویر بنوانے کے دوران ایک شخص نے پیچھے سے آکر غیر اخلاقی انداز میں صدر کو چھوا اور ان کی گردن پر بوسہ لینے کی کوشش کی۔

صدارتی سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو پیچھے ہٹا دیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نشے میں تھا اور بعد ازاں سکیورٹی حکام نے اسے گرفتار کر لیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ واقعے کے باوجود صدر کلاڈیا شین بام نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور اُس شخص کے ساتھ تصویر بنوانے پر آمادگی ظاہر کی۔

دوسری جانب وزارتِ خواتین کی سربراہ نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ “ہم آج اپنی صدر کے ساتھ پیش آنے والے اس ناقابلِ قبول واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔”

اقوامِ متحدہ کی خواتین سے متعلق ایجنسی (یو این ویمن) کے اعداد و شمار کے مطابق، میکسیکو میں 15 سال یا اس سے زائد عمر کی تقریباً 70 فیصد خواتین اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار جنسی ہراسانی کا شکار ہوتی ہیں۔

مزید پڑھیں۔

متعلقہ خبریں