راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) راولپنڈی میں پولیس نے غیر قانونی افغان باشندوں کو کرایہ پر رہائش دینے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، متعدد مقدمات درج کر لیے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق تھانہ صادق آباد اور تھانہ دھمیال کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر کرایہ داری چیکنگ کی۔
تھانہ صادق آباد پولیس نے شاکریال مسلم بازار میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مالک مکان عامر فدا کے خلاف مقدمہ درج کیا، جس نے افغان شہری عدنان کو مکان کرایہ پر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق افغان شہری عدنان کو پہلے ہی ریفیوجی کیمپ منتقل کیا جا چکا تھا جبکہ مالک مکان کرایہ داری کا کوئی رجسٹریشن ریکارڈ پیش نہیں کر سکا۔ کارروائی اے ایس آئی محمد اقبال کی رپورٹ پر کی گئی اور مقدمہ پنجاب انفارمیشن آف ٹیمپریری ریزیڈنٹس ایکٹ 2015 کی دفعہ 11 کے تحت درج کیا گیا۔
اسی دوران تھانہ دھمیال پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے کشمیر کالونی، گرّجا روڈ کے علاقے میں گھروں کی چیکنگ کی۔ پولیس کے مطابق مالک مکان محمد اظہر کے گھر میں چھ افغان باشندے رہائش پذیر پائے گئے جن میں ذاکراللہ، کنعت، اکرام، ابوبکر، مبشر اور زہرہ شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تمام افراد پہلے افغان ریفیوجی کیمپ منتقل کیے جا چکے تھے۔ مالک مکان کرایہ داری کی کوئی دستاویز پیش نہ کر سکا، جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق شہریوں کو مسلسل ہدایت کی جا رہی ہے کہ افغان باشندوں کو کرایہ پر گھر یا دکان نہ دیں اور نہ ہی انہیں ملازم رکھیں۔ راولپنڈی بھر کی مساجد میں اعلانات کے ذریعے عوام کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس ترجمان کے مطابق درج شدہ مقدمات کی مزید تحقیقات تھانہ صادق آباد اور دھمیال کی ٹیموں کے سپرد کر دی گئی ہیں تاکہ قانون کی مکمل عملداری یقینی بنائی جا سکے۔
مزید پڑھیں :ایس پی عدیل اکبر کی صحت کے مسائل اور نفسیاتی معالج،اہم انکشافات سامنے آگئے















