لاہور( اے بی این نیوز ) بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سکھ یاتریوں کے لیے شاندار انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ مریم نواز نے پنجاب آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ’’جی آیاں نوں‘‘ — پنجاب کے لوگ اپنے مہمانوں کو دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں اور پنجاب اپنی مہمان نوازی کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بھارت سمیت دنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے سکھ مہمان یہاں سے محبت، احترام اور دوستی کی خوبصورت یادیں لے کر جائیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کا بہترین ماحول موجود ہے۔ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات پر آنے والے تمام یاتریوں کو سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات سکون اور عقیدت سے ادا کر سکیں۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ رہائش، سیکیورٹی، سفری سہولیات اور صفائی کے تمام انتظامات اعلیٰ معیار کے مطابق کیے جائیں تاکہ سکھ یاتریوں کو پنجاب کی محبت اور مہمان نوازی کا بہترین احساس ہو۔
مزید پڑھیں :مارکیٹوں کے اوقات آگئے،جا نئے عام دکانیں، ریسٹورنٹس اور کیفے کس وقت تک کھلے رہیں گے















