اہم خبریں

سیاسی فضا میں سکوت ، ہلچل مدہم،تبدیلی میں تاخیر ،اراکین مایوسی کا شکار

اسلام آباد (رضوان عباسی ) آزاد کشمیر میں متوقع حکومتی تبدیلی ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔ وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد 27ویں آئینی ترمیم کے معاملے کی وجہ سے التوا میں چلی گئی ہے، جس کے نتیجے میں تین ہفتوں سے جاری سیاسی ہلچل کے بعد مظفرآباد اور اسلام آباد میں فضا سکوت کا شکار ہو گئی ہے۔وفاقی سطح پر مسلم لیگ ن نے 27ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی سے باقاعدہ حمایت طلب کر لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے وفاق میں آئینی ترمیم کی منظوری کو یقینی بنایا جائے گا، اس کے بعد آزاد کشمیر میں تحریکِ عدم اعتماد پر پیش رفت ہوگی۔ اس حکمتِ عملی کے باعث اسلام آباد اور کشمیر ہاؤس میں سیاسی سرگرمیاں وقتی طور پر سرد پڑ گئی ہیں۔
دوسری جانب، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (CEC) کا اجلاس 6 نومبر کو طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی سطح پر مجوزہ آئینی ترمیم، مجموعی سیاسی حکمتِ عملی اور کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اس وقت قطر میں موجود ہیں، جبکہ بلاول بھٹو اور فریال تالپور کراچی پہنچ چکے ہیں۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کے تناظر میں وفاق اور آزاد کشمیر دونوں محاذوں پر فیصلہ کن مشاورت جاری ہے۔
تحریکِ عدم اعتماد میں تاخیر کے باعث اتحادی جماعتوں اور اسمبلی ارکان میں مایوسی کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔ پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی، جن میں بیرسٹر سلطان دھڑا اور مہاجرین کے زیادہ تر ارکان شامل ہیں، اپنے حلقوں کو واپس لوٹ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اگر وفاق میں 27ویں آئینی ترمیم جلد پیش نہ ہوئی تو آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی یا پیپلز پارٹی کی کوششیں مزید طول پکڑ سکتی ہیں۔پیپلز پارٹی نے حکومت کی علیحدگی کے عمل میں جلدی میں حکمتِ عملی تیز کی تھی، لیکن اب مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں ہی آزاد کشمیر میں اقتدار کی نئی ترتیب کے لیے محتاط رویہ اپنا رہی ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کے لیے فیصلہ کن پیش رفت ابھی کچھ وقت کی محتاج ہے۔

مزید پڑھیں :فوج سیاست میں نہیں الجھناچاہتی ا سے دوررکھاجائے،افغانستان کی شرائط معنی نہیں رکھتیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

متعلقہ خبریں