اہم خبریں

علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد (اے بی این نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختتونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی۔ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور ان کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ علی امین گنڈا پور کی مسلسل غیر حاضری کے باعث عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

عدالت نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 11 نومبر تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے علی امین گنڈا پور کیخلاف تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج ہے۔

یاد رہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی اور عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد علی امین گنڈا پور نے عہدے سے استعفیٰ دیا۔ علی امین گنڈاپورنے اپنے عہدہ سے استعفی دیتے ہوئے کہا تھا کہ نئے وزیراعلیٰ کی مکمل حمایت کرتا ہوں اور انہیں سپورٹ کروں گا۔

علی امین گنڈاپور نے اپنے استعفے میں لکھا کہ قائد عمران خان کے حکم کی تعمیل میں وزارتِ اعلیٰ چھوڑ رہا ہوں، وزارتِ اعلیٰ میرے لیے اعزاز تھی، استعفیٰ قیادت کے فیصلے پر دیا، جب عہدہ سنبھالا تو صوبہ مالی بحران اور دہشتگردی کے سنگین چیلنجز سے دوچار تھا۔

انہوں نے لکھا کہ ڈیڑھ سال میں صوبے کو مالی استحکام کی راہ پر گامزن کیا، دہشت گردی کے خلاف جرات اور حوصلے سے اقدامات کیے، عمران خان کی رہنمائی میں صوبے میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے۔ گنڈا پور نے لکھا کہ عمران خان، پارٹی کارکنان، کابینہ ارکان، پارٹی اراکین اسمبلی اور بیوروکریسی کا شکر گزار ہوں، تمام چیلنجز کے باوجود عوام کی خدمت خلوص نیت سے کی، میں ہمیشہ پاکستان کے مفاد میں فیصلے کرتا رہا ہوں۔ انہوں نے اپنے استعفے کے آخر میں پاکستان زندہ باد، پاکستان تحریک انصاف پائندہ باد بھی لکھا۔

مزید پڑھیں۔

متعلقہ خبریں