اہم خبریں

آن لائن نوکری کے نام پر فراڈ، پی ٹی اے نے شہریوں کو خبردار کر دیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آن لائن نوکری تلاش کرنے والے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر نظر آنے والی ہر ملازمت کی پیشکش حقیقت پر مبنی نہیں ہوتی۔

پی ٹی اے نے مفادِ عامہ کے لیے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایسے افراد اور گروہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی نوکریوں کے اشتہارات لگا کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ لوگ زیادہ تنخواہ، آسان اوقاتِ کار اور بیرونِ ملک ملازمت کے جھانسے دے کر شہریوں سے رقوم اور ذاتی معلومات حاصل کرتے ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق اسکیمرز مختلف کمپنیوں کے نام سے ایجنٹس بنا کر نوجوانوں کو نوکریوں کی پیشکش کرتے ہیں۔ سروے یا ریسرچ کے بہانے وہ شہریوں کی تصاویر اور لوکیشن حاصل کرتے ہیں، جو بعد میں ملک اور شہریوں کے خلاف منفی مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔

پی ٹی اے نے واضح کیا کہ اگر سوشل میڈیا پر کوئی پیشکش ضرورت سے زیادہ پُرکشش لگے، بھرتی کرنے والا شخص اپنی شناخت چھپائے، صرف واٹس ایپ پر رابطہ رکھے یا غیر ضروری معلومات جیسے شناختی کارڈ نمبر، مکمل پتہ یا لوکیشن مانگے، تو ایسی پیشکش سے فوراً محتاط ہو جائیں۔

اسی طرح، اگر کوئی اشتہار نامعلوم ایپس یا لنکس ڈاؤن لوڈ کرنے پر زور دے، تو یہ بھی دھوکہ دہی کی علامت ہے۔

پی ٹی اے کی احتیاطی ہدایات:

ہر نوکری کے اشتہار کی تصدیق لازمی کریں۔ پیشکش کرنے والی کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ پر جائیں۔

کمپنی کا تصدیق شدہ ای میل ایڈریس چیک کریں۔ کمپنی کے ایچ آر ڈپارٹمنٹ سے براہِ راست رابطہ کریں۔

اپنی ذاتی معلومات غیر مصدقہ ذرائع سے ہرگز شیئر نہ کریں۔

کسی بھی مشکوک اشتہار کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔ پی ٹی اے نے شہریوں کو یاد دلایا ہے کہ خوابوں کی نوکری ضرور اہم ہے، مگر آن لائن تحفظ اس سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔

مزید پڑھیں۔

متعلقہ خبریں