اہم خبریں

9مئی کیس،سابق صدر پی ٹی آئی گجرات سلیم جوڑاسمیت30 کارکن باعزت بری

گجرات(اے بی این نیوز) 9 مئی واقعات کے اہم مقدمے میں سابق ایم پی اے اور سابق صدر تحریک انصاف گجرات چودھری سلیم سرور جوڑا سمیت 30 کارکنوں کو عدالت نے باعزت بری کر دیا۔

سینئر سول جج سید تہذیب الحسن نقوی نے سپریم کونسل کے رہنما شمشاد اللہ ملہی کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق استغاثہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔

مقدمے کے دوران عدالت میں بتایا گیا کہ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے 9 مئی کے واقعات میں مبینہ طور پر اشتعال انگیزی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں کردار ادا کیا۔

تاہم دورانِ سماعت کوئی واضح ثبوت یا گواہ پیش نہ کیا جا سکا جو ان الزامات کو ثابت کر سکے۔فیصلے کے مطابق عدالت نے یہ قرار دیا کہ محض سیاسی بنیادوں پر کسی شخص کو سزا نہیں دی جا سکتی۔

عدالت نے کہا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، اور اگر شواہد ناکافی ہوں تو ملزمان کو شک کی بنیاد پر فائدہ دینا انصاف کے اصولوں کے عین مطابق ہے۔بری ہونے والوں میں سلیم سرور جوڑا کے علاوہ شہزاد گل، فیضان خالد بٹ، ندیم عباس، شمع ملہی، عبدالوہاب، حمزہ سعید اور دیگر کارکن شامل ہیں۔

ان افراد کے خلاف پولیس نے 9 مئی 2023 کے ہنگاموں کے بعد مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے تھے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عدالتی فیصلہ انصاف کی بالادستی کا ثبوت ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے توقع ظاہر کی کہ باقی مقدمات میں بھی عدالتیں غیر جانب دارانہ فیصلے دیں گی تاکہ بے گناہ کارکنان کو انصاف مل سکے۔
مزید پڑھیں: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،رقم بینک اکائونٹس میں بھیجنے کا فیصلہ

متعلقہ خبریں