اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت سمجھتی ہے ٹی ایل پی دہشت گردی میں ملوث ہے۔
وزارت داخلہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دیا ہے۔وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے بعد ٹی ایل پی کو اب کالعدم جماعت قرار دے دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس ٹھوس وجوہات موجود ہیں کہ ٹی ایل پی کے تانے بانے دہشتگردی سے ملتے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دی تھی۔ یہ منظوری وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جمعرات کی شام ہونے والے اجلاس میں دی گئی تھی۔
اجلاس کو بتایا گیا تھا کہ 2016 سے قائم اس تنظیم نے پورے ملک میں شر انگیزی کو ہوا دی، ماضی میں بھی ٹی ایل پی کے پُرتشدد احتجاجی جلسوں اور ریلیوں میں سکیورٹی اہلکار اور بے گناہ راہگیر جاں بحق ہوئے تھے۔
اس حوالے سے اجلاس کے شرکاء کو مزید بتایا گیا تھا کہ اس تنظیم کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں میں شرانگیزی کے واقعات ہوئے۔
مزید پڑھیں: کویتی شہریت بارے بڑی خبر،اہم حکم نامہ جاری















